لاہور ہائیکورٹ نے مجسٹریٹس کو پہلی بیوی کی بلااجازت دوسری شادی کرنے والے شوہروں کے ٹرائل سے روک دیا۔
دوسری شادی کرنیوالے ملزم شوہروں کے ٹرائل سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے بڑا فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس امجد رفیق نے قانونی نکتہ طے کردیا کہ پنجاب بھر کے مجسٹریٹس پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے ملزم شوہر کے ٹرائل نہیں کر سکتے۔ ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے مجسٹریٹس کو دوسری شادی کے کیسز کے ٹرائل کرنے سے روک دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ فیملی کورٹ کے 1964 کے ایکٹ کے سیکشن 20کے تحت صرف فیملی عدالتوں کو مسلم فیملی لا آرڈیننس کے کیسز سننے کا اختیار ہے، مجسٹریٹس کی جانب سے ایسے کیسز کا ٹرائل کرنا آئین کے آرٹیکل 175 کے سب سیکشن (2) کی خلاف ورزی ہے۔