325

استور روڈ سے سیاحت کو فروغ ملے گا وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ استور ویلی روڈ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس منصوبے کی تعمیر سے استور میں سیاحت اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے نئے باب کا آغاز ہوگا۔

سیاحوں کی بڑی تعداد استور آئے گی اور استور کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گے۔ وزیر اعلٰی نے سیکریٹری تعمیرات کو استور ویلی روڈ کا کام جلد از جلد مکمل کرنے اور فیز II کو متعلقہ فورم میں منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ریلیز جاری کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں کی میٹلنگ کیلئے استعمال کئے جانے والے تارکول کا لیبارٹری ٹیسٹ کرایا جائے اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ میٹلنگ کیلئے صرف اٹک ریفائنری کا تارکول استعمال کیا جائے۔ غیرمعیاری میٹریل اور غیر معیاری کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حافظ حفیظ الرحمن نے استور ویلی روڈ پر سائن بورڈز، لائننگ اور کیٹ آئیز نصب کرنے کیلئے احکامات دیئے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے استور دورے کے موقع پر محکمہ تعمیرات کی جانب سے استور ویلی روڈ کے میٹلنگ کے حوالے سے جاری کام پر دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ استور ویلی روڈ فیزIIگوریکوٹ تا ڈشکن کی کاغذی کارروائی جلد از جلد مکمل کرکے منظوری کیلئے متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈوائیاں روڈ کے جاری کام کو بھی جلداز جلد مکمل کرنے اور روڈ کی مینٹی ننس کو یقینی بنانے کیلئے روڈ قلی ڈوائیاں روڈ پر بھرتی کرنے کے احکامات دیئے۔
وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے استور ٹاؤن ایریا کے شاہراہوں کی میٹلنگ کے حوالے سے بھی سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ ٹاؤن ایریاز میں شاہراہوں کی میٹلنگ کے حوالے سے متعلقہ ٹھیکیدار کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ جلد از جلد ٹاؤن ایریا کے روڈز کی میٹلنگ کا کام مکمل کیا جائے اور استور ٹاؤن کی تزائن و آرائش کے حوالے سے بھی پی سی ون تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ استور میں زیر التواء منصوبوں کوجلد از جلدمکمل کرایا جائے اور ٹھیکیدار وں کواس بات کا پابند بنایا جائے کہ منصوبے کسی بھی صورت التواء کا شکار نہ ہو۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اوررفتار کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر ان منصوبوں کی نگرانی کریں۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈوائیاں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈوائیاں جیسے دور دراز علاقے میں تعلیم سے محبت اس بات کا مظہر ہے کہ یہاں کے عوام باشعور ہیں۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ نے ڈوائیاں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں کمپیوٹر لیب کا اعلان کیا اور کہا کہ اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے سپیشل پے سکیل کے تحت درکار سٹاف کی بھرتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں زرعی شعبے کے فروغ کیلئے ایفاد پروجیکٹ کی منظوری دی جس سے آج ہزاروں کنال زمین قابل کاشت بنائی جارہی ہے۔ ایفاد کا بہت بڑا منصوبہ ڈوائیاں میں شروع کیا گیا ہے جس سے یہاں کے عوام کو زرعی شعبے میں خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا اور یہاں کے عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں