340

گلیشئر گرافٹنگ مہم، 15 رُکنی ٹیم 4340 میٹر کی بُلندی پر پہنچ گئی

 سکردو(پ ر) کواردو میں گلیشئر کی پیداوار اور ختم ہوتی ہوئی گلیشئروں کو محفوظ بنانے اور انہیں بڑھاوا دینے کی خصوصی مہم کے سلسلے میں بلتستان یونیورسٹی کی 15 رُکنی ٹیم مسلسل 8 گھنٹے کے پیدل سفر کے بعد 4340 میٹر کی بُلندی پر پہنچ گئی۔ ٹیم کے اراکین نے مطلوبہ مقام پر پہنچنے کے بعد دو الگ الگ جگہوں کا معائنہ کیا۔ مزید معائنہ کیلئے آج کا دن رکھا گیا ہے۔ ٹیم نے مطلوبہ جگہ کے آس پاس ہی کیمپ کا اِنتظام کیا ہے۔

گلیشئر گرافٹنگ کی یہ مہم اس لئے بھی منفرد اور اہمیت کی حامل ہے کہ کواردو خصوصاً مرتضیٰ آباد کے عوام نے اپنی اُمیدیں اور توقعات ٹیم سے وابستہ کر رکھی ہیں۔

وہ اس لئے بھی پُرجوش ہیں کہ بہت جلد متلعقہ منصوبہ اور مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ واضح رہے کہ گلیشئر گرافٹنگ کی ٹیم مزید دو تین دن تحقیقات جاری رکھے گی تاآنکہ گلیشئر گرافٹنگ کیلئے متعلقہ جگہ کا انتخاب نہ ہوجائے۔ ٹیم کی قیادت ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکرؔ کررہے ہیں۔

ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے کیمپ لگ چکے ہیں۔ ٹیم کے تمام ممبران پُرجوش ہیں۔ اس وقت سکردو شہر ہماری نگاہوں کے سامنے ہے اور سدپارہ لیک کا نظارہ بھی بخوبی کیا جاسکتا ہے۔ ہم توقع کر رہے ہیں کہ بہت جلد متعلقہ جگہ کا انتخاب ہوجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں