353

آل پارٹیز کانفرنس کے اخر میں متفقہ طور پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا

گلگت(جنرل رپورٹر)عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں،امامیہ کونسل،جملہ عمائدین ، یوتھ ایورنس فورم، انجمن تاجران و مختلف ایسو سی ایشنز کے نمائندگان، اسپیشل پرسنز کے علاوہ یوتھ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی آل پارٹیز کانفرنس کے اخر میں متفقہ طور پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاور شیرنگ فارمولے کے آڑ میں گلگت بلتستان کے قومی اداروں خصوصاً سپریم اپیلٹ کورٹ ، گلگت بلتستان کونسل نیٹکو کے اندر لوکل ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی طورپر بھرتی کیے جانے والے غیر ڈومیسائل ہولڈرز کو فوری طورپر بر طرف کرکے گلگت بلتستان کے ڈومیسائل ہولڈرز ، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
نیب کا ادارہ جوکہ احتساب کیلئے بنایا گیا ہے ، گزشتہ کئی سالوں سے معذوروں کے ہاسٹل پر قبضہ جمایا ہوا ہے اس شرمناک اقدام کو معذوروں کے ساتھ انتہائی زیادتی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس ہاسٹل کو فوری طور خالی کراکے اسپیشل پرسنز کے حوالے کیا جائے۔۔

لینڈ ریفارمز کمیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضہ کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،حکومت اس تجربے سے باز رہے اور کسی بھی فیصلے سے قبل گلگت بلتستان کے عوام کو اعتماد میں لیں۔گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی بندر بانٹ کبھی بھی قابل قبول نہیں، منرلز پالیسی عوام دوست بنائی جائے اورکسی بھی پہاڑ یا ماٸنیگ کی لیز جاری کرتے وقت لوکل افراد کو ترجیح دی جائیں اور گزشتہ ادوار میں دی جانے والے غیر قانونی لیز کو فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے، کسی بھی غیر مقامی کو لیز دینے کی صورت میں لوکل افراد کی شراکت داری کو یقینی بنایا جائے۔گلگت بلتستان کے 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کسی پیکچ کے ذریعے ممکن نہیں ہو سکتا، لہذٰا پیکجز کے خیال کو دل و دماغ سے نکا لتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

کنٹیجنٹ ملازمین کے ساتھ مسلسل زیادتیوں کا سلسلہ بند کرتے ہوئے سابقہ معاہدے کے تحت سکیل 1سے 5تک فزیکل ٹیسٹ کے ذریعے جبکہ سکیل6سے اوپر اضافی نمبرات کے ساتھ مستقل کیا جائے اور تا وقت کہ تمام ملازمین مستقل نہیں ہوتے تمام کنٹیجنٹ ملازمین کے تنخواہیں17500کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں