294

گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائینگے، اسد عمر

 گلگت بلتستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی واصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے،حکومت اسکو عوامی فلاح وبہبود میں لانے کی منصوبہ بندی کرے گی، گلگت سکردو روڈ کیلئے اضافی فنڈ مختص کردیے گئے ہیں گلگت بلتستان میں فروٹ پراسسنگ یونٹ،سنگ مرمر اور سٹون پالش فیکٹری کا قیام ہماری ترجیح ہے،سیاست سے بالا تر ہوکر گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔جمعرات کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی واصلاحات اسد عمر سے محمد اشرف صداکی سربراہی میں گلگت بلتستان کونسل کے اراکین نے ملاقات کی جس میں سی پیک منصوبے میں گلگت بلتستان کی نمائندگی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے،حکومت اس پیداواری صلاحیت کو عوام کی فلاح وبہبود میں لانے کی منصوبہ بندی کرے گی، گلگت سکردو روڈ کیلئے اضافی فنڈ مختص کردیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان خشک اور تازہ میوہ جات ،معدنیات اور کان کنی سے مالامال ہے،یہاں فروٹ پراسسنگ یونٹ،سنگ مرمر اور سٹون پالش فیکٹری کا قیام ہماری ترجیح ہے،سیاست سے بالا تر ہوکر گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کاشغر سے گلگت اور سکردو کیلئے ہفتے میں کم ازکم ایک فلائیٹ ضرور چلے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں