242

ٹریفک انفراسٹرکچر کے حوالے سے منظور شدہ منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے، حفیظ الرحمن

اربن ٹرانسپورٹ کے اس اہم منصوبے کو جلد از جلد عملی جامعہ پہنایا جائے، گلگت شہر کیلئے سیوریج کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں جوٹیال سے سیوریج کو ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کیا جائے گا

گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اربن ٹرانسپورٹ اور ٹریفک انفراسٹرکچر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر کمشنر گلگت، ایس ایس پی گلگت، جی ڈی اے اور محکمہ تعمیرات کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک انفراسٹرکچر کے حوالے سے منظور شدہ منصوبے پر جلد از جلد کام کا آغاز کیا جائے۔ پہلی مرتبہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تقریباً 6کروڑ روپے کے جدید آلات اور مشینری کی خریداری کی جارہی ہے۔ دو ماہ کی مدت میں ٹریفک پولیس کیلئے درکار جدید مشینری اور آلات کی خریداری کا عمل مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ اربن ٹرانسپورٹ کا منصوبہ گلگت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ اربن ٹرانسپورٹ کے اس اہم منصوبے کو جلد از جلد عملی جامعہ پہنایا جائے۔ گلگت کے شاہراہوں کی ٹریفک انجینئرنگ کیلئے ساڑھے 7 کروڑ روپے فراہم کئے جاچکے ہیں۔

جلد از جلد شاہراہوں کی ٹریفک انجینئرنگ کاکام شروع کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت شہر کیلئے سیوریج کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ پہلے مرحلے میں جوٹیال سے سیوریج کو ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ سیوریج کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت نے منظور کیا تھا۔ موجودہ وفاقی حکومت نے تاخیر سے ایڈمنسٹریٹیو اپرول جاری کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صوبے میں اے ڈی پی کے تمام منصوبے مقررہ مد ت سے قبل مکمل ہورہے ہیں جبکہ پی ایس ڈی پی کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کے پرنسپل اکاؤٹنگ آفیسر کے اختیارات چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو دینے سے پی ایس ڈی پی کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوسکیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کے پرنسپل اکاوٹنگ آفیسرکے اختیارات چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو دینے کی منظوری دی تھی۔ موجودہ وفاقی حکومت نے اس پر عمل نہیں کیا۔ وزیر اعظم سے حالیہ ملاقات میں پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے پرنسپل اکاؤٹنگ آفیسر کے اختیارات چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو دینے کے حوالے سے بات ہوئی ہے جس پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے۔ امید ہے کہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کے بروقت تکمیل کیلئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو پرنسپل اکاؤٹنگ آفیسر بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کمشنر گلگت اور ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی ہے کہ تجاویزات کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ گلگت میں پہلی مرتبہ 9 سے زیادہ پارکس قائم کئے گئے ہیں۔ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر (باغبانی) کا الگ شعبہ قائم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں