602

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جی بی میں بھی مارکیٹیں اور بازار کھلیں گے، وزیر اعلیٰ

سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، پلازوں اور دکانوں کو کھولنے کے حوالے سے فیصلے کی منظوری صوبائی کابینہ کے 24 ویں اجلاس سے بھی لی جائے گی

گلگت (نمائندہ رہبر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا اور سپریم کورٹ کا مارکیٹوں اور بازاروں کے کھولنے کے حوالے سے فیصلے کا اطلاق گلگت بلتستان میں بھی ہوگا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتظامیہ، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ پلازوں اور دکانوں کو کھولنے کے حوالے سے فیصلے کی منظوری صوبائی کابینہ کے 24 ویں اجلاس سے بھی لی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے روشنی میں مختلف اوقات کار میں مارکیٹوں اور بازاروں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔حکومت گلگت بلتستان نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے موثر اور بھرپور اقدامات کئے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے اور دنیا بھر نے ان موثر اور مثبت اقدامات کا اعتراف کیا۔ کورونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ پہلے کی طرح اب بھی موجود ہے۔ عید کی وجہ سے مارکیٹوں اور بازاروں میں رش بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ اس وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی دوری، ماسک، سینی ٹائزر کا استعمال ضروری ہے۔ عوام ذمہ داری کا احساس کریں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ تاجر برادری بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام اور لاک ڈاؤن کے دوران افواج پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سکردو او ردیامر میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے پی سی آر لیب کے قیام، ایس او پیزپر عملدرآمد اور کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین تک راشن کی فراہمی میں افواج پاکستان کا کلیدی کردار رہاہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں