186

ثوبیہ مقدم کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت

اسلام آباد (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں سابق صوبائی وزیر گلگت-بلتستان ثوبیہ جے مقدم صاحبہ کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیتی پروگرام کی تقریب ہوئی۔ جس میں پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جناب سید نیئر حسین بخآری صاحب، امور کشمیر و گلگت-بلتستان کے مشیر برائے وزیر اعظم جناب قمر الزمان کائرہ صاحب، گورنر گلگت-بلتستان جناب سید مہدی شاہ صاحب، سینئر نائب صدر پی پی پی جی بی جمیل احمد صاحب، سیکریٹری جنرل پی پی پی انجنئیر محمد اسماعیل، سیکریٹری انفارمیشن و ممبر جی بی اسمبلی سعدیہ دانش صاحبہ، ممبر جی بی اسمبلی آغا شہزاد صاحب، نائب صدر بشیر احمد خان صاحب، چیئرمین ابراہیم صاحب، پولیٹیکل ایڈوائزر پی پی پی جی بی انجنئیر نوید اقبال صاحب، محمد علی شاہ صاحب، زوار فدا حسین صاحب، سکریٹری جنرل وومن ونگ پروین جاوید صاحبہ، نائب صدر دیامر استور ڈویژن سیف اللّٰہ صاحب و دیگر پارٹی عہدہ داران اور جیالوں نے شرکت کی۔پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پارٹی چیئرمین جناب بلاول بھٹو زرداری صاحب کی جانب سے محترمہ ثوبیہ جے مقدم صاحبہ کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر پارٹی مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔ مشیر برائے وزیر اعظم جناب قمرالزمان کائرہ صاحب، گورنر گلگت-بلتستان سید مہدی شاہ صاحب، ممبر اسمبلی سعدیہ دانش صاحبہ، بشیر احمد خان صاحب، پروین جاوید صاحبہ اور دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی پارٹی مفلر اور ہار پہنائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید نیئر بخآری صاحب نے کہا کہ ثوبیہ مقدم صاحبہ کی شمولیت سے پارٹی ضلع دیامر اور گلگت-بلتستان میں مزید مظبوط ہو گی۔ ہم گلگت-بلتستان کے عوام کی حقیقی ترجمانی کریں گے اور بلاول بھٹو زرداری صاحب کی قیادت میں گلگت-بلتستان کے عوام کی خدمت کریں گے اور تمام حل طلب شدہ معاملات کا سنجیدگی سے حل نکالیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے کہا کہ آج سے 15 سال قبل میں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز سیاست کی ایک طالب علم کی حیثیت سے کیا۔ عملی سیاست میں آکر اپنے تجربات کی روشنی میں بہت کچھ سیکھا اور اب میرا سیاسی شعور پختگی کی اس سطح تک پہنچ چکا ہے کہ اپنی سیاسی جدوجہد کو درست سمت میں جاری رکھنے کے لئے مستقل منزل کا آج آپ سب کے سامنے اعلان کرنے کے لئے حاضر ہوئی ہوں۔میں سمجھتی ہوں کہ پیپلز پارٹی وفاق پاکستان کی سالمیت، یکجہتی اور استحکام کی علامت ہے۔ آئین کی خالق جماعت پاکستان، جی بی اور کشمیر کے عوام کی جمہوری امنگوں اور آرزووں کی ترجمان ہے اور عوام کو اپنے وسائل پر اپنے اختیار کے حوالے سے واحد امید ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو معاشرے میں باوقار زندگی کا حق دلانے کے لئے تاریخی جدوجہد کی ہے۔ ایک خاتون کی حیثیت سے میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اس تاریخی جدوجہد کا ایسا روشن مینار سمجھتی ہوں جو ہم سب کے لئے نشان منزل ہے۔گلگت-بلتستان میں آج تک تمام تر اصلاحات پیپلز پارٹی نے ہی کی ہے۔ گلگت-بلتستان کے عوام سے پیپلز پارٹی کا رشتہ تین نسلوں سے چلا آ رہا ہے۔ شہید بھٹو اور شہید بی بی نے گلگت-بلتستان کے عوام سے رشتہ بنائے رکھا اور اپنے ادوار میں گلگت-بلتستان کے لوگوں کیلئے جاندار فیصلے کئے، جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوئیں۔صدر آصف علی زرداری صاحب نے بھی اس رشتے کو نبھایا اور اب چیئرمین بلاول بھٹو صاحب اس کو مزید مظبوطی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ گلگت-بلتستان کو شناخت اور موجودہ سیٹ اپ بھی پیپلز پارٹی اور صدر زرداری صاحب کا دیا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی کے اصلاحات کے نتیجے میں 2009 میں گلگت-بلتستان کے عوام نے پہلی بار اپنا وزیرِ اعلیٰ خود منتخب کیا۔ گلگت-بلتستان میں آج جو بھی تعمیر و ترقی نظر آ رہی ہے وہ پیپلز پارٹی کے اصلاحات کا ہی نتیجہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں