131

اسرائیلی جنگی طیاروں کی شام میں 18 ایرانی ٹھکانوں پر بمباری، 23 ہلاک

دمشق: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام میں عراقی سرحد کے نزدیک ایران کی پاسداران انقلاب کے اڈوں اور اسلحہ ڈپو پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چوتھی بار شام میں ایرانی ٹھکانوں پر بمباری کی، اسرائیلی طیاروں نے 18 ایرانی ٹھکانوں کو ٹارگٹ کیا جہاں مبینہ طور پر ایران کے پاسداران انقلاب اور لبنان کی حزب اللہ کے جنگجوؤں کی قیام گاہیں اور اسلحہ ڈپو تھے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی شام میں بوکمل اور دیر ایزور کے علاقوں میں کی گئی کارروائی میں 23 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ 5 اسلحہ ڈپو کو تباہ کردیا گیا۔
یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کے جنگی طیاروں کا شام پر فضائی حملہ، 7 افراد ہلاک

شام نے اسرائیلی طیاروں کی بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاحال درست اعداد و شمار وصول نہیں ہوئے ہیں۔ ایران کی جانب سے بھی حملوں پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل طیاروں کا شام کے فوجی اڈے پر میزائل حملہ

واضح رہے کہ اسرائیلی طیاروں کی شام میں عراقی سرحد کے نزدیکی علاقوں میں فضائی کارروائی میں تیزی بغداد ایئرپورٹ میں امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد آئی ہے جس کے بعد ایرانی ملیشیا نے امریکی سفارت خانوں اور فوجی اڈوں پر پر حملے کیے تھے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں