266

حکومت نگر کی زمینوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، ہم ایک انچ زمین نہیں دینگے، عوامی ایکشن کمیٹی

حکومت مکاری کرکے عوام کی زمینوں کو ہتھیانے کے لئے کوشش کر رہی ہے، ہمیں اپنی دھرتی ماں کی حفاظت کے لئے میدان میں آنا ہوگا، فدا حسین، یعصوب الدین

نگر(نمائندہ خصوصی) گلگت، غذر کے بعد ضلع نگر میں عوامی ایکشن کمیٹی کا لینڈ ریفارمز ایکٹ اور آرڈر 2020 کے خلاف سکندر آباد نگر سی پیک پر احتجاجی عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا اتوار کے روز سکندر آباد نگر میں لینڈ ریفارمز ایکٹ اور آرڈر 2020 کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین فدا حسین نے کہا کہ حکومت مکاری کرکے عوام کی زمینوں کو ہتھیانے کے لئے 20 اور 80 کا فارمولا بنا کر کام کررہی ہے سکندر آباد کے عوام کے زمینوں پر حکومت کی نظر ہے اس لئے ہمیں اپنی دھرتی ماں کی حفاظت کے لئے میدان میں آنا ہوگا ہم نے بین الاضلاعی دوروں کا آغاز کیا ہے اور 5 اپریل کو گلگت میں قومی کانفرنس ہے جہاں پر عوامی ایکشن کمیٹی حتمی اعلان کرے گی اور عوامی مطالبات حکومت کے سامنے رکھے گی ہم کسی صورت میں بھی اپنی زمین کسی کو دینے کے لئے تیار نہیں ہیں اور ہم اپنی زمینوں کے خود مالک ہیں سکندر آباد کے عوام کے حقوق کے لئے ہم گلگت میں سڑکوں پر نکل آئینگے اور ہم حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سکندر آباد نگر کے عوام کے لئے صحت سمیت دیگر جتنے بھی مسائل ہیں ان کو فوری حل کرے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری پروفیسر سید یعصب الدین نے کہا کہ ہم وفاقی اداروں سمیت عسکری اداروں میں گلگت بلتستان کے عوام کے لئے خصوصی نوکریوں کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے دی ہیں ہماری حیثیت اور ہماری قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں ملازمتوں میں کوٹہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کوئی بھی زمین خالصہ سرکار نہیں ہے اور نہ ہی کسی فارمولے کو ہم تسلیم کرتے ہیں اور آرڈر کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما مسعود الرحمن نے کہا کہ ہم متنازعہ ہیں تو ہمیں حقوق بھی متنازعہ دئے جائیں اور ہمارے ساتھ ملازمتوں میں مظفر آباد کے طرز پر دیکھا جائے قیام امن کے لئے کسی کا بھی کوئی کردار نہیں ہے بلکہ عوامی ایکشن کمیٹی کا کردار ہے جس نے دوریوں کو ختم کرکے عوام کو آپس میں متحد کیا اور ہم اپنے حقوق کے لئے اب متحد ہیں اور عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرے گی۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما جہانزیب انقلابی اور راجہ شاہ زیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آرڈروں کے ذریعے چلانے کی حماقت اب نہیں کیا جائے اب آرڈر عوام دے گی اور وزیر اعظم آرڈر تسلیم کرینگے زمین ہماری ملکیت ہے کسی کی جاگیر نہیں جو ہماری زمینوں پر قبضے کریں اس سے قبل ہمیں لڑا کر اپنے ذاتی مفادات کے لئے کام کیا گیا اب ہم ایک ہیں اور ہم اپنے حقوق کے لئے کام کرینگے۔ عمائدین نگر سکندر آباد نگر نظام الدین اور شمشیر نے کہا کہ ہم عوامی ایکشن کمیٹی کے شکر گذار ہیں جنہوں نے ہماری آنکھوں کو کھولا اور ہم عوامی ایکشن کمیٹی کا ہر وقت ساتھ دینگے اور کسی بھی قسم کے آرڈر کو ہم تسلیم نہیں کرتے ہیں اور زمین بھی ہماری ہے کسی بھی ایکٹ کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا عوامی ایکشن کمیٹی جب بھی حکم دے گی ہم سی پیک کو بلاک کرکے بھرپور احتجاج کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں