331

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 377 ہوگئی، 2 افراد زندگی کے بازی ہار گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 377 ہو گئی ہے۔

صوبہ سندھ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مزید 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ پنجاب میں 45 بلوچستان میں 22 اور خیبرپختونخوا میں 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 377 تک جاپہنچی ہے۔

سندھ

محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے پہلے سندھ میں 3 نئے کیسز کی تصدیق کی، بعد ازاں انہوں نے مزید 2 نئے کیسز کی بھی تصدیق کردی۔

انہوں نے بتایا کہ پانچوں نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کُل مریضوں کی تعداد 213 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ اگر صوبے کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو میران یوسف کے مطابق 151 کیسز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین کے ہیں جبکہ 61 کیسز کراچی اور ایک حیدر آباد سے ہے۔

پنجاب

علاوہ ازیں پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 45 نئے کیسز سامنے آگئے۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ صوبے میں اس وقت مجموعی طور پر 78 کورونا وائرس کے کیسز ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان 78 لوگوں میں سے 60 لوگ وہ ہیں جو زائرین ہیں اور ہمارے قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن مریضوں میں کورونا وائرس ہے وہ اگر اکٹھے بھی رہے تو اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ اس سے پھیلاؤ نہیں ہوگا، تاہم ہم نے منفی کیسز کو الگ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں کیسز کی تعداد 33 تھی جس کے بعد آج یہ تعداد 45 نئے کیسز کے ساتھ 78 تک جا پہنچی ہے۔

بلوچستان

دوسری جانب بلوچستان میں بھی مزید 22 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 45 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

اس سے قبل بلوچستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 23 تھی۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا کے حکام کی جانب سے پہلے دیے گئے اعداد و شمار تصحیح کرتے ہوئے صوبے میں 4 نئے کیسز کی تصدیق کردی۔

ابتدائی طور پر محکمہ ریلیف کے ترجمان لطیف الرحمٰن نے کہا تھا کہ صوبے میں آج 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

تاہم بعد ازاں صوبائی وزیر صحت کی ٹیم کے رکن زین رضا نے ڈان کو بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کی تعداد 15 نہیں 4 ہے۔

بعد ازاں صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ ان 4 نئے کیسز میں سے 2 کی بیرون ملک کی سفری تاریخ ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں محکمے نے بتایا کہ ایک مریض گزشتہ تصدیق شدہ کیس سے تعلق رکھنا ہے جبکہ چوتھے کیس کی کوئی سفری تاریخ یا تصدیق شدہ کیس سے تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ ان نئے کیسز کے ساتھ اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 332 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس عالمی وبا سے پاکستان میں 2 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

متاثرہ افراد کے حساب سے صوبہ سندھ 213 کی تعداد کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہے جبکہ اس کے بعد پنجاب میں 78، بلوچستان میں 45، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 2 افراد اور آزاد کشمیر میں ایک شخص متاثر ہے۔

گلگت بلتستان میں تعداد 15 ہوگئی

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 15 ہوگئی ہے۔

ایک اور مريض کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا

ذرایع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں زیرعلاج کرونا کا ایک مریض صحت یاب ہو گیا ہے۔

پمز میں زیر علاج مریض کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹیو آ گیا، جس کے بعد مریض کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں مریض کے 4 کرونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے، پہلا ٹیسٹ منفی، دوسرا مثبت، تیسرا، چوتھا ٹیسٹ منفی نکلا۔

بتایا گیا کہ کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریض کی عمر 61 برس ہے اور ان کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو سے ہے، مریض کی ٹریولنگ ہسٹری بھی رہی، 2 ہفتے سعودی عرب، دو ہفتے عراق، ایران میں قیام کیا تھا، 23 فروری کو پاکستان پہنچا تھا، 25 فروری کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 26 فروری کو کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس سے اب تک پاکستان میں 4 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جن میں سے دو کراچی میں اور دو اسلام آباد میں صحت یاب ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اللہ جب امتحان لیتا ہے تو اسے برداشت کرنے کی ہمت بھی دیتا ہے، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں، ہمیں اس مشکل وقت میں قوائد اور ہدایات پر عمل کرنا ہے۔

ڈرنے اور خوفزدہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں، پاکستان اس بیماری کا مقابلہ کر سکتا ہے، میں جانتا ہوں کہ ہم میں وائرس کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے، وفاقی حکومت اپنی سوچ میں تھوڑی سی تبدیلی لے کر آئے۔

وفاق اور صوبوں کو تنقید اور پوائنٹ اسکورنگ کی کوئی ضرورت نہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کی جانوں اور معیشت کو بچائے، ہمیں دونوں محاذوں پر جنگ لڑنا پڑے گی۔ شہری اس مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں۔

ٹرینیں بند کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مسافروں کے رش کو کم کرنے کے لیے 12 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جو ہم کماتے ہیں وہ ریلوے پر خرچ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریلوے حکام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس کے بعد 22 مارچ سے 12 ٹرینوں کو بند کر رہے ہیں اور اگر مزید ضرورت محسوس ہوئی تو 25 تاریخ کو دوبارہ اجلاس کرکے یکم اپریل سے مزید 20 ٹرینیں بند کی جائیں گی۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں 10 ہزار بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 10 ہزار بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 302 زائرین کے ٹیسٹ مکمل کیے جا چکے ہیں جس میں سے 151 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایکسپو سینٹر کراچی میں آئسولیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں ایک اسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں