143

اخوت اور امن کی فضاء کیلئے اسوہ رسولؐ کی پیروی ضروری ہے، وزیر اعلیٰ

سیرت نبویؐ پر عمل کرکے مثالی معاشرے کی تشکیل کو یقینی بناسکتے ہیں، نبیؐنے زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کرنے کا درس دیا
اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا،حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں، خالد خورشید خان


نبی آخرالزماں ؐ نے امن وآ شتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا پیغام
گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے 12ربیع الاول کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ تاجدار مدینہ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کردیا جائے تو معاشرہ جنت کانمونہ بن جائے گا، اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضا قائم کرنے کیلئے اسوۂ رسولﷺ کی پیروی ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حضور ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے رحمت العالمین اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جو قابل تحسین اور انتہائی احسن اقدام ہے۔ پہلی مرتبہ ملک بھر میں ربیع الاول کا مہینہ انتہائی عقیدت اور احترام کیساتھ منایا جارہاہے۔ گلگت بلتستان میں بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق 12ربیع الاول کو شیان شان اور انتہائی احترام کیساتھ منایا جارہاہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ آج کا مقدس دن ہمارے لئے تذکیروتجدید عہد کادن ہے تاکہ اہل اسلام تعلیمات نبویﷺ سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بنا کر اپنے معاشرے کو مثالی معاشرہ بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ آپؐ کی آفاقی تعلیمات کاخلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کی جائے، کسی بھی حالت میں انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور ٹوٹے ہوئے رشتوں کو پھر سے جوڑ دیا جائے۔ آپؐ کی تعلیمات دکھی انسانیت کے لئے خوشیوں کی نوید ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کہا کہ اس پرمسرت اور بابرکت موقع پر مسلمانانِ عالم، خصوصاً تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ اس دن کی فضلیت،سعادت و برکت سے ہر مسلمان کا دل منوراور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اس یومِ مبارک کے فیوض و برکات سے مالا مال کر دے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کہا کہ خاتم النبین آنحضرت محمد ﷺ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ساری بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12ربیع ا لا ول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کاعظیم ترین دن ہے۔ آج اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضاء قائم کرنے کے لئے اسوۂ رسولﷺ کی پیروی ضروری ہے کیونکہ ہماری بقاء اور دینی و دینوی کامیابی اسی اسوۂ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ نبی پاکؐنے اپنے اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں پوری دنیا کو مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ نبی آخرالزماں ؐ نے امن وآشتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا۔نبی پاکؐ کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کہا کہ آج کا دن تاریخ بنی نوع انسان کی عظمت کی معراج کا دن ہے کیونکہ آج کے روز رب ذوالجلال نے وجہ کائنات حضرت محمدﷺ کی پیدائش کا دن رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں