157

دو ائیر لائنز کو جی بی کیلئے این او سی جاری، سکردو، دبئی اور سنگاپور کا مقابلہ کریگا، وزیر اعلیٰ

گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سکردو میں انصاف یوتھ ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان نے 1996ء میں کرپشن اور مافیاز کیخلاف تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ آج تک وزیر اعظم پاکستان کرپشن کیخلاف جہاد کررہے ہیں۔ تحریک انصاف ایک روایتی سیاسی جماعت نہیں بلکہ اس تحریک کا نام ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ مفت کینسر ہسپتال بنایا۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کرپشن مافیاز کیخلاف سیاست میں کے میدان میں آئے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور اصولوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا۔ 26سالہ مسلسل جدوجہد میں ہمت نہیں ہاری اور ملک کے وزیر اعظم بن گئے۔ گلگت بلتستان میں کہا جاتا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کبھی وجود میں نہیں آئے گی۔ عوام نے تحریک انصاف کی نظریے کی وجہ سے دو تہائی اکثریت مینڈیٹ دیا۔ پاکستان کی یوتھ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ہمیشہ ساتھ دیا۔ اب وزیر اعظم پاکستان عمران خان اس ملک کو عظیم تر ملک بنانے کیلئے کام کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج بھی مایوسی پھیلانے والے عناصر سرگرم ہیں۔ جب میں وزیر اعلیٰ بنا تو مخالفین کہہ رہے تھے کہ سابق وزیر اعلیٰ کی طرح وزیر اعظم تک رسائی نہیں ہوگی لیکن ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشکور ہیں جن کی گلگت بلتستان سے بے پناہ محبت ہے۔ جب بھی ملاقات کیلئے وقت کا کہا دو گھنٹے میں ملاقات کا وقت دیا۔ اس کے برعکس سابق وزرائے اعلیٰ کئی ہفتے وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے اسلام آباد بیٹھتے تھے اور مایوس ہوکرواپس چلے آتے تھے۔ وزیر اعظم پاکستان کی محبت کی وجہ سے گلگت بلتستان کیلئے 370 ارب کا تاریخی ڈویلپمنٹ پیکیج منظور ہوا۔ ہمارے سیاسی مخالفین دعائیں کررہے تھے کہ اس ڈویلپمنٹ پیکیج پر عملدرآمد نہ ہو لیکن وزیر اعظم پاکستان کی وجہ سے ایک دن میں گلگت بلتستان کیلئے ایکنک سے کئی منصوبے منظور ہوئے۔ وزیر اعظم کی سب سے دلچسپی گلگت بلتستان اور خصوصاً بلتستان سے ہے۔ آنے والے دنوں میں بلتستان ریجن کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبریاں ملیں گی۔ سکردو شہر دوبئی اور سنگاپور کا مقابلہ کرے گا۔ دو ایئر لائنز کو صرف گلگت بلتستان کیلئے این او سی جاری کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان مظلوم اور محروم طبقے کی واحد امید ہے۔ گلگت بلتستان خصوصاً بلتستان کے عوام اپنے قائد اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شایان شان استقبال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں