171

سکردو بین الااقوامی ائیرپورٹ /جگلوٹ سکردو روڈ کا افتتاح،عوام اپنے زمین کے تحفظ کو یقینی بنائیں، وزیر اعظم

سکردو (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، غریب لوگوں کو اوپر لائے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا،گلگت بلتستان ملک کے دوسرے حصوں کی نسبت ترقی میں پیچھے ہے، بلوچستان اور اندرون سندھ کے لوگ بھی ترقی کے سفرمیں پیچھے رہ گئے، 2012 سے 2018 تک خیبرپختونخوامیں تیزی سے غربت میں کمی ہوئی، سکردومیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بننے سے علاقے میں ترقی ہوگی، بیرون ملک مقیم پاکستانی چھٹیاں منانے اب گلگت بلتستان آئیں گے، سیاحت کا شعبہ پاکستان کا بہت بڑااثاثہ بن سکتاہے۔ جمعرات کو سکردو میں ایک دورہ روزہ میں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جگلوٹ سکردو روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں سکردو کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں میرا نظریہ یہ ہے کہ کوئی ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ اپنے غریب لوگوں کو اوپر لے کر نہیں آتا۔ گلگت بلتستان میں غربت زیادہ ہے ہماری کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امیر امیر سے امیر تر اور غریب غریب سے غریب تر ہوگیا۔ ہم نے پورے ملک کو یکساں ترقی دینی ہے ملک سے غربت ختم کرنا ہمارا مشن ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گئے۔ ماضی میں پسماندہ علاقوں پر توجہ نہیں دی گئی وقت ثابت کرے گا اس اقدام سے آپ کو فائدہ ہوگا۔ سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل بنانے میں خوش ہوں۔ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ پانچ سال پورے تک ملک میں یکساں ترقی کرنا چاہتا ہوں۔ دنیا میں سب سے خوبصورت علاقہ گلگت بلتستان ہے۔ معاشرہ غریب طبقے کی حالت زار سے پہچانا جاتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا میں تباہی ہوئی۔ یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیزی سے غربت میں کمی آئی۔ سیاحت گلگت بلتستان کا اثاثہ بن سکتا ہے سب سے پہلے یہاں سمندر پار پاکستانی آئیں گے۔ سکردو کا زمینی راستہ انتہائی خطرناک تھا سڑک کی تعمیر سے یہاں پہنچنا بہت آسان ہوگیا۔ سکردو روڈ کی تعمیر پر مراد سعید کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے دن رات محنت کرکے سڑک بنائی۔ سیاحت قوموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سوئٹزر لینڈ گلگت بلتستان سے رقبے میں آدھا ہے سوئٹزر لینڈ سیاحت سے ستر ارب ڈالر کماتا ہے تو ہم کیوں نہیں ہم تیس سے چالیس ارب ڈالر سیاحت سے حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمیں اپنی زمین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آسانیاں بڑھنے سے سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا گلگت بلتستان کو کشمیر سے کونکٹ کررہے ہیں۔ اللہ نے اس ملک میں بے پناہ نعمتیں رکھی ہیں۔ آج سے ملک بھر میں راشن پروگرام شروع ہورہا ہے۔ پنجاب میں تین ماہ میں سب کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔ عوام کو آٹا‘ گھی اور چینی رعایتی نرخوں میں ملے گی اس وقت ساری دنیا میں مہنگائی ہے گلگت بلتستان کے ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ انشورنس دیں گے۔ گھر بنانے کے لئے ستائیس لاکھ روپے قرضہ سود کے بغیر ملے گا تاکہ لوگ اپنا گھر بنا سکیں۔ میرٹ کے اوپر سکالر شپ دیں گے ساٹھ لاکھ نوجوانوں کو سکالر شپ دے رہے ہیں۔ (ن غ)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں