157

چلاس ہسپتال میں ٹراما سینٹر کا افتتاح) سکردو اور دیامر میں جلد ایم آر آئی مشین نصب کرینگے، وزیر اعلیٰ

گلگت (پ،ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے چلاس کا ایک روزہ دور ہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو محکمہ تعمیرات کی جانب سے لیچر پل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے لیچر پل کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر براہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ تین ماہ میں لیچر پل کا کام مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر لیچر گاؤں تک 6کلومیٹر روڈ کا بھی اعلان کیا۔بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کی جانب سے تتہ پانی متبادل شاہراہ اور پل کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ اگست تک تتہ پانی متبادل شاہراہ کیلئے پل کو فعال بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے بارگین تک ٹریک ایبل شاہراہ تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو دورہ چلاس کے موقع پر واپڈا اور محکمہ تعلیم کی جانب سے کیڈٹ کالج چلاس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس انتہائی اہم منصوبہ ہے31مارچ 2022تک کیڈٹ کالج چلاس کی بلڈنگ کو فعال بنایا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کیلئے درکار اضافی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ پی سی ون تیار کرکے 20دنوں میں متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چلاس کیڈٹ کالج اور پبلک سکول کے گرانٹ ان ایڈمیں اضافہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ فیری میڈوز روڈ کا سروے کرائے جائے اور دڑن پل تا رائیکوٹ روڈ 6ماہ میں مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کا بھی دورہ کیااور ٹرما سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور محکمہ تعمیرات کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر اور سکردو میں ایم آر آئی مشین جلد نصب کیا جائے گا تاکہ یہاں کے مریضوں کو ایم آر آئی کی سہولت دستیاب ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا تعمیراتی کام جون تک مکمل کریں۔ چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی اور درکار سہولیات کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ جاتی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر میں منصوبوں کے التواء سے علاقے میں تعمیر و ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ماہانہ بنیادوں پر متعلقہ محکموں سے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لے۔ جزاء و سزاء کا نظام سخت کیا جائے۔ زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس 6thبلاک کے تعمیراتی کام کو جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر دیامر/ استور ڈویژن کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی سفارشات 10دنوں میں پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی ہے کہ دیامر میں تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے محکمہ پلاننگ کا سینئر آفیسر کو دیامر ریجن میں مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جائے جو منصوبوں کی مانیٹرنگ کرے اور مختلف منصوبوں کے ریویجن کے حوالے سے درپیش مشکلات کو بروقت حل کرسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ دیامر میں پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پی سی ون تیار کریں۔ چلاس 24انچ واٹر سپلائی سکیم زیر التواء منصوبے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ خصوصی بورڈ قائم کریں جو اس منصوبے کے حوالے سے اپنی حتمی سفارشات متعلقہ فورم میں پیش کرے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ دیامر میں محکمہ برقیات کے زیر تعمیر منصوبوں کے کام میں تیزی لائے اور پاور کے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اپنے دورہ چلاس کے موقع پر حاجی عبدالعزیز کی وفات پر تعزیت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں