151

جی بی کے عوام وزیر اعظم اور انکے پالیسوں کیساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعلیٰ

لاہور (آئی این پی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کو درست سمت میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان کی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں سیاسی وحکومتی امور، گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اقتدار سے آؤٹ اپوزیشن ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ الحمد للہ اتحادی جماعتیں اور تحریک انصاف وزیر اعظم کی کپتانی میں متحد ہیں۔چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے، مخالفین مارچ میں مارچ کریں یا فروری میں کپتان انکے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی احتجاج مارچ سے حکومت جانیوالی نہیں عمران خان بطور وزیر اعظم مدت پوری کرینگے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو احتجاجی سیاست کرنے کی بجائے الیکشن 2023کا صبر سے انتظار کر نا چاہیے، (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں آئینی مدت پوری کر چکیں ہم بھی کر یں گے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پورے ملک میں یکساں ترقی حکومت کا مشن ہے گلگت کے عوام کو بھی خوشحال او ر مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو درست سمت میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے، صحت کارڈ جیسا پاکستان کا تاریخی منصوبہ ہے حکومت عوام کیساتھ کھڑی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی گلگت خالد خورشید خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بھی وزیر اعظم عمران خان اور انکے پالیسوں کیساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت گلگت کے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی سہولتیں دے رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں