328

حق خوادادیت کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہیں، وزیر اعلیٰ

گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاری پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور گلگت بلتستان کی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہد آزادی پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی اپنے جائز حق خوادادیت کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہیں۔ہمیں پختہ یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام اپنی اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ کئی دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہو سکا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور اور مظلوم کشمیر کے عوام اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا”یوم یکجہتی کشمیر“ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف اور حق خود ارادیت کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نفاذ سے مسلسل انکاری ہے اور کشمیر کے عوام کوبنیادی حقوق دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی ان کا بنیادی اور جمہوری حق ہے، اقوام متحدہ کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ اپنے منشور پر عمل کرائے اورمقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کا بنیادی حق دلوائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا وکیل تھا، ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک انشاء اللہ رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں