619

جی بی میں سو فیصد زمینوں کے مالک پشتنی باشندگان ہونگے، سینئر وزراء ، ایکشن کمیٹی کے مشاورتی اجلاس میں اتفاق

گلگت(پ ر)عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان اور حکومت گلگت بلتستان کے درمیان لینڈ ریفارمز بل پر مشاورت ہوئی۔
حکومت کی طرف سے دو سینئر وزراء راجہ زکریا خان مقپون اور کرنل عبید شامل تھے۔
جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے وفد کی قیادت مرکزی چیئرمین پروفیسر سید یعسوب الدین شاہ کاظمی نے کی۔ وفد میں وائس چیئرمین اکرام الدین حیدر عوامی یوتھ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین امتیاز گلگتی پولٹیکل ایڈوائزر محمد جاوید سپریم کونسل کے ممبر مسعود الرحمن ایڈوائزری کونسل کے ممبر راجہ امداد گلگت ڈویژن کے چیئرمین ملک اورنگزیب سینئر وائس چیئرمین فدا حسین نگری پر مشتمل تھا۔طویل مذاکراتی سیشن کا سنگل ایجنڈا لینڈ ریفارمز بل تھا۔مزاکراتی سیشن میں لینڈ ریفارمز بل کو نسلوں کی زندگی اور موت قرار دیا اور اس بل کو عوام گلگت بلتستان کی حقیقی آزادی سے تعبیر کیا گیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے تجویز کردہ 8 نقات کو شامل کرنے کی یقین دھانی کرائی گئی اور حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی سے وعدہ کیا کہ جیسے ہی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید پہنچتے ہیں وزیر اعلیٰ کے ساتھ مشترکہ ایک نشست ہوگی اور بل کو فائنل کردینگے نوروز کی ڈیڈ لائن وزیر اعلیٰ کی طرف سے تھی لیکن یہ بل بہت ہی اہمیت کا حامل ہے اس لیے اس بل کی منظوری کے لیے دیر سویر پر باہمی اتفاق سے آگے بڑھیں گے جس پر دونوں فریقین پر اتفاق ہوا۔مذاکراتی سیشن میں اس بات پر غور خوض ہوا کہ اس اہمیت کے حامل بل پر عوام میں شکوک وشبہات پیدا کرنے کے لیے کچھ علاقہ دشمن مافیا لینڈ مافیا اور پٹواریوں کے سہولت کار سرگرم ہونگے کیونکہ ان کے دھندے کی فیکٹریوں میں تالے لگنے والا ہے اس مشکل وقت میں قوم کو آگاہی دینے کے لیے ضروری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سادہ لوح عوام کو ان کی چرب زبانی اور دھوکے سے بچانے کے لیے حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی۔
اجلاس میں فریقین حکومت اور ایکشن اس بات پر متفق ہوئی کہ سو فیصد زمینوں کی مالک جہاں کے عوام یعنی پشتنی باشندگان ہونگے اور قابل تقسیم اراضی وہاں کے کھیوٹ داروں پر تقسیم ہوگی اور محلوں گاؤں کمیٹیوں کو اختیارات دینگے تاکہ وہ اپنے رسم و رواج کے مطابق فیصلے کرسکیں۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اس معرکے کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر ہفتے حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان کوارڈینیشن اجلاس ہونگے تاکہ کسی قسم کی کمزوری باقی نہ رہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں