60

دیامر بھاشا ڈیم کے مغوی ملازمین بازیاب

دیامر میں “حقوق دو، ڈیم بناؤ تحریک” سے وابستہ علمائے کرام، عمائدین علاقہ، اور ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوششوں کے نتیجے میں اغواء کاروں نے واپڈا کے دونوں مغوی ملازمین کو باحفاظت رہا کر دیا۔

ذرائع کے مطابق معراج الدین اور اسد الیاس نامی سینئر سپرٹینڈنٹ HR ایڈمن کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغواء کر لیا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی جبکہ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم اور تحریک “حقوق دو، ڈیم بناؤ” کے کارکنان نے حکومت سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا تھا۔

علمائے کرام اور تحریک سے وابستہ رہنماؤں نے مسلسل رابطوں اور مقامی جرگہ نظام کے ذریعے اغواء کاروں سے مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں دونوں مغویوں کی باحفاظت رہائی ممکن ہو سکی۔

ادھر ڈی آئی جی فرخ رشید، ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن (ر) عطاء الرحمان کاکڑ، جی ایم دیامر بھاشا ڈیم نزاکت حسین، اور ڈائریکٹر کوآرڈینیشن رحیم شاہ نے اس موقع پر کہا کہ علمائے کرام اور مقامی قیادت کی دانشمندانہ حکمتِ عملی نے ایک بڑے انسانی المیے کو ٹال دیا۔

علاقہ عوام اور تحریک کے کارکنان نے اس کامیابی کو عوامی اتحاد اور امن کی فتح قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے تمام جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر تسلیم کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔

ذرائع کے مطابق “حقوق دو، ڈیم بناؤ تحریک” کے رہنما اب حکومت سے زمینوں کے معاوضے کی ادائیگی، متبادل رہائش، اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے نئے لائحہ عمل پر مشاورت کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں