247

پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 62 ہزار 689 ہوگئی، 1283 افراد جاں بحق

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 62 ہزار 689 ہوگئی جبکہ مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار 283 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 76 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 62 ہزار 689 ہوگئی۔

پنجاب میں کورونا کے 22 ہزار 37، سندھ میں 25 ہزار 309، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 842، بلوچستان میں 3 ہزار 616، اسلام آباد میں 2 ہزار 15، گلگت بلتستان 651 اور آزاد کشمیر میں 223 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، ملک بھر میں کورونا وائرس کے 20 ہزار 231 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں جہاں 425 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 380، پنجاب میں 381، اسلام آباد میں 19، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

بشکریہ:ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں