248

کورونا وبا؛ ایک دن میں ریکارڈ 4131 کیسز، جاں بحق افراد کی تعداد 1688 ہوگئی

اسلام آباد: ملک میں کورونا وبا کی ہر روز بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 4,131 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 1688 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 17 ہزار 370 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ 95 ہزار 334 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 4 ہزار 131 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 463 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں 570، سندھ میں 526، خیبر پختونخوا میں 490، بلوچستان میں 49، گلگت بلتستان میں12 اور آزادکشمیر میں7 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 31 ہزار 86 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 29 ہزار 489، خیبر پختونخوا میں 10 ہزار 897، بلوچستان میں 4 ہزار 740، اسلام آباد میں 3 ہزار 188، گلگت بلتستان 779 اور آزاد کشمیر میں 284 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 67 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 688 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 570 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 526، خیبر پختونخوا میں 490، اسلام آباد میں 34، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ایک اور رکن اسمبلی جاں بحق

خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں، میاں جمشید الدین حلقہ پی کے 63 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں محکمہ ایکسائز کے وزیر رہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں