132

وزیراعظم اپنی انا چھوڑ کر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کا غم بانٹیں، مریم نواز

کوئٹہ: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی انا چھوڑ کر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کا غم بانٹیں۔

سانحہ مچھ کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ پر جو قیامت ٹوٹی ہے اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، 5 دن سے دیکھ رہی ہوں اور آپ کی تکلیف کا احساس بھی ہے، ان میتوں میں سے ایک میت اس کی بھی ہے جس کے خاندان کا کوئی فرد نہیں تاہم میرے پاس تعزیت کے لیے الفاظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچی کسی بے حس کو پکاررہی تھی کہ آپ نہیں آئے تو والد کو نہیں دفناؤں گی لہذا وزیراعظم اپنی انا چھوڑ کر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کا غم بانٹیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ریاست کاکام عوام کو تحفظ دینا ہے لیکن افسوس ہے ریاست نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، یہ کہتے ہیں جب تک وزیراعظم نہیں آئیں گے ہم لاشیں رکھ کر بیٹھے رہیں گے، ہم لاشوں پر سیاست نہیں کررہے تاہم وزیراعظم عمران خان کو یہاں آکر ان کے سروں پر ہاتھ رکھنا پڑے گا۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اقتدار پر بیٹھے شخص کی بے حسی پر افسوس ہے، مظاہرین کوئی بڑا مطالبہ نہیں کررہے، اگر حکمران نہیں آتے تو سن لیں یہ قوم انہیں اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، مریم نواز

کوئٹہ روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سانحہ مچھ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، بے گناہ مزدروں کا بہیمانہ قتل کیا گیا۔ لواحقین کے دکھوں اور زخموں کا مداوا نہیں ہوسکتا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ پر پوری قوم سوگوار ہے، اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتی، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے،وزیراعظم قوم کے باپ کی مانند ہوتا ہے انہیں وہاں جانا چاہیے تھا، قوم کی مائیں اور بیٹیاں ان کے انتظار میں بیٹھی ہیں اور وہ مشیروں اور وزیروں کو بھیج رہے ہیں۔ مجھے بھی سیکیورٹی تھریٹ تھا لیکن میں میں نواز شریف کا پیغام لے کر وہاں جا رہی ہوں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں