132

کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں، پاکستان علاقائی تعاون کیلئے کوشاں ہے، روس کے ساتھ بہتر دفاعی تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون سمیت علاقائی سیکیورٹی، بالخصوص افغان مفاہمتی عمل تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ افغان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے روسی وزیرخارجہ کی ملاقات

روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک روس تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں، مستقبل میں پاک روس تعلقات مختلف شعبوں میں وسعت اختیار کرتے رہیں گے۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، روس کے ساتھ باہمی فوجی تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیر پا امن اور استحکام کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے، افغانستان میں دیر پا امن و ستحکام سے خطے کو فائدہ ہوگا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا کہ ہمارے کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، پاکستان علاقائی تعاون کیلئے کوشاں ہے، پاکستان باہمی وقار اورمشترکہ ترقی کے فریم ورک کیلئے پرعزم ہے۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں