193

پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کا اجلاس، بھاشا ڈیم کی تعمیر میں تاخیر سے لاگت بڑھنے پر تشویش کا اظہار

ہمارے وقت میں 280بلین بھاشا ڈیم کا تخمینہ تھا، تاخیر کی وجہ سے بھاشا ڈیم کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے، چیئرمین کمیتی
پی اے سی کا وزارت خارجہ کو بیرون ملک پاکستانی مشنز کی جانب سے خلاف ضابطہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی خریداری کے65کیسز کی تحقیقات کا حکم
کمیٹی کا پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے داخلوں کے لئے کرائے گئے حالیہ متنازع انٹری ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ)کے معاملے کا ازخود نوٹس، آڈیٹر جنرل سے رپورٹ طلب

اسلام آباد(آئی این پی)پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے وزارت خارجہ کو بیرون ملک پاکستانی مشنز کی جانب سے خلاف ضابطہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی خریداری کے65کیسز کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جبکہ پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے داخلوں کے لئے کرائے گئے حالیہ متنازع انٹری ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ)کے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے رپورٹ طلب کر لی، کمیٹی نے بھاشا ڈیم کی تعمیر میں تاخیر سے منصوبے کی لاگت بڑھنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔جمعرات کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں وزارت خارجہ کے سال 2019-20کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا،آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بیرون ملک پاکستانی مشنز کی جانب سے خلاف ضابطہ طور پر خریداری کئے جانے کے 65کیسز سے متعلق آگاہ کیا، رکن کمیٹی خواجہ شیراز محمود نے کہا کہ 65کیسز کی مالیت 1.636بلین ہے، چیئرمین کمیٹی نے وزارت خارجہ حکام سے کہا کہ ڈی اے سی کے فیصلے پر عملدرآمد کریں، ایک مہینے میں انکوائری کرکے حقائق لے آئیں۔اجلاس میں بھاشا ڈیم کی تعمیر میں تاخیر سے منصوبے کی لاگت بڑھنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہمارے وقت میں 280بلین بھاشا ڈیم کا تخمینہ تھا، رکن کمیٹی خواجہ آصف نے کہا کہ تاخیر میں کتنا پیسہ ضائع ہو رہا ہے، آڈٹ والے بھی نہیں بولتے کیا انہوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے کہ تاخیر کی وجہ سے بھاشا ڈیم کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے، رکن کمیٹی سردار نصراللہ دریشک نے کہا کہ نیا ایئرپورٹ کتنے سے شروع ہوا تھا اور کہاں تک پہنچا، اس پر کوئی میٹنگ بلائیں، رکن کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ وہ بھی ٹھیک نہیں بنا،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایئرپورٹ پر کئی کمیٹیاں بنی ہیں، رکن کمیٹی خواجہ شیراز محمود نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے کرائے گئے حالیہ متنازع انٹری ٹیسٹ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ میڈیکل امتحان کا ازخود نوٹس لیں، کمیٹی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی کی جانب سے خواجہ آصف کے بارے میں ریمارکس پر قہقہے لگ گئے، ایک غیر ملکی بینک میں بلاجواز فنڈز رکھے جانے سے متعلق معاملے کے جائزے کے دوران جب چیئرمین کمیٹی کو پتہ چلا کہ یہ 2008کا معاملہ ہے تو انہوں نے اجلاس میں بیٹھے ہوئے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بارے میں کہا کہ خواجہ صاحب بچ گئے، میں معاملہ ان پر ڈالنے والا تھا کہ ان کو پکڑیں، چیئرمین کمیٹی کے ریمارکس پر کمیٹی میں قہقہے لگ گئے۔(ع ا)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں