145

منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں کھاد کی طلب اور رسد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ ہفتےاوسطاً 19,000 میٹرک ٹن فی دن کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، انسداد اسمگلنگ میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے یوریا کے 92,845 تھیلے ضبط کیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کے لیے فصل کی پیداوار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے، کھاد کی کسانوں کو مناسب فراہمی کے لیے انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسان دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یوریا کی قلت سے متعلق افواہوں کو دور کرنے کے لیے موثر عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں