32

وزیراعظم کا ایم کیو ایم کے پرامن مظاہرے پر پولیس کے تشدد کا نوٹس، رپورٹ طلب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے پر امن احتجاج پر سندھ پولیس کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ ایم کیوایم کے بلدیاتی قانون کے خلاف پرامن مظاہرے پر سندھ پولیس کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ، چیف سیکریٹری اور  آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رپورٹ ملنے کے بعد ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بلدیاتی قانون کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جس کے بعد پولیس نے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے ریلی پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے ایم کیو ایم رہنماؤں سمیت کئی کارکن زخمی ہوگئے، پولیس نے 2 خواتین سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں بھی لے لیا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس تشدد کی وجہ سے سابق ٹاؤن ناظم حنیف سورتی کی آنکھ ضائع ہوگئی اور رکن اسمبلی صداقت حسین انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں