138

انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی

کراچی: انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ رواں سال اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے، ٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر جب کہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

یہ دونوں ٹی ٹونٹی میچز اسی روز کھیلے جائیں گے کہ جب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہی ہوگی، مسلسل 2 روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ چاروں میچز( 2 مینز ٹیموں کے اور 2 ویمنز ٹیموں کے) ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے۔
England women to make first-ever tour of Pakistan in October

More: https://t.co/NxHZWfcIhe #PAKWvENGW #BackOurGirls pic.twitter.com/CeJzrD0bzA

— PCB Media (@TheRealPCBMedia) January 7, 2021

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئی تھیں جس میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دی تھی جب کہ پاکستان نے سال 2019 میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 اور ون ڈے سیریز 0-3سےجیت لی تھی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ خواتین کرکٹ کی عالمی چیمپئن انگلینڈ ویمنز ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصا ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کےفروغ کےلیے ایک بڑا اور اہم اعلان ہے، یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجوداعتماد کی واضح مثال ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ جہاں ایک عالمی چیمپئن سائیڈ کے خلاف 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بہت تجربہ ملے گا، وہیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مینز کرکٹ میچ سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے اکٹھے ہونے کا یہ منظر اس خطے میں ویمنز کرکٹ کے لیے شاندار لمحہ ہوگا۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے ویمنز کرکٹ کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کبھی بھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا، لہٰذا یہ دورہ نہ صرف یادگار بلکہ شاندار ثابت ہوگا۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں