123

کرکٹ کمیٹی کا قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

لاہور: کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثرانداز ہوئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس شریک ہوئے، اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ 16 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباء اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثرانداز ہوئی۔

کرکٹ کمیٹی نے پی سی بی کو ٹیم منیجمنٹ کو سپورٹ کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ کو قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق اپنی حکمت عملی اور اہداف سے متعلق مکمل وضاحت دینے کی ضرورت ہے۔
کرکٹ کمیٹی کے سربراہ سلیم یوسف کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، عالمی وباء کے باعث صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہی نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، کمیٹی کا ماننا ہے کہ ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بہتری ہونی چاہیے تھی، مشکل صورتحال سے نمٹنے کےلیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مددلینے پر زور دیا گیا ہے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی آمد سے قبل چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بھی کرکٹ کمیٹی کو اپنی سلیکشن پالیسی سے متعلق بریفنگ دی۔ کرکٹ کمیٹی نے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ اور ویمنز کرکٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں