223

طالبان نے افغان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت دیدی

کابل: طالبان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے ساتھ شیڈول واحد ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت دیدی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں امریکی افواج کے انخلا کے بعد برسراقتدار آنے والے طالبان کی جانب سے افغانستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے جہاں وہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ساتھ واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایکزیکٹو حامد شنواری نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں طالبان کی جانب سے افغانستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے۔
خیال رہے آسٹریلیا کو رواں برس ایشز سے قبل افغانستان سے پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے، یہ مقابلہ ہوبارٹ میں شیڈول اور اسے ایشز کی تیاری کیلیے اہم قرار دیا جا رہا ہے تاہم افغانستان پر طالبان کے کنٹرول سے افغان ٹیم کے دورے پر غیریقینی ظاہر کی جا رہی تھی جو اب ختم ہوگئی ہے۔

اس سے قبل طالبان کے کلچرل کمیشن کے ڈپٹی سربراہ احمد اللہ واثق نے کہا کہ مستقبل میں ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں گے جب کہ ہماری ٹیم آسٹریلیا جا سکتی اور ان کی ٹیم یہاں آسکتی ہے۔

دوسری جانب افغانستان سے واحد ٹیسٹ کے حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہوبارٹ میں تاریخی میچ کی میزبانی کیلیے پْراعتماد ہیں، دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ اس ٹور کو یقینی بنانے پر کام کررہے ہیں جوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فوری بعد شیڈول ہے۔

واضح رہے افغانستان کو سری لنکا میں پاکستان کی میزبانی کرنا تھی مگر سفری مسائل کی وجہ سے وہ سیریز ملتوی کی جا چکی،البتہ افغان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں