daily rehbar gb daily rahbar gilgit baltistan newspaper epaper of gilgit baltistan
سکردو میں یکم مارچ 2026 کو پیش آنے والے شدید احتجاجی مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد گلگت بلتستان پولیس نے محکمانہ انکوائری مکمل کر لی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق انکوائری کے نتائج اور سفارشات کی روشنی میں 18 پولیس افسران اور اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ برطرف ہونے والوں میں ایک انسپکٹر، دو سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز شامل ہیں۔
یکم مارچ کو سکردو میں مظاہرے ایران کے رہبرِ اعظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد شروع ہوئے، جو بعد ازاں پرتشدد صورت اختیار کر گئے۔ مشتعل مظاہرین نے مختلف سرکاری و نیم سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں پولیس اسٹیشنز، فوجی دفاتر، این جی اوز کے دفاتر اور تعلیمی ادارے شامل تھے۔ متعدد عمارتوں کو نذرِ آتش کیا گیا۔ ان واقعات میں کم از کم سات مظاہرین اور دو فوجی اہلکار جان بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ریجنل پولیس آفیسر بلتستان ریجن نے محکمانہ انکوائری کی سفارشات کی بنیاد پر برطرفی کے احکامات جاری کیے۔ متاثرہ اہلکاروں کو مقررہ مدت کے اندر انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کے پاس اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔
گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام قانون کی حکمرانی، محکمانہ نظم و ضبط اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ذمہ داری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
