daily rehbar gb daily rahbar gilgit baltistan newspaper epaper of gilgit baltistan
گلگت: گلگت بلتستان کے تاجروں اور عوام کو چین سے سامان کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ پالیسی سے مستفید کرنے کے لیے محکمہ کامرس نے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں تیسری بار توسیع کر دی ہے۔ نئی تاریخ کے مطابق اب درخواستیں 4 اپریل 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔
محکمہ کامرس کے مطابق اس پالیسی کا آغاز 11 فروری سے آن لائن پورٹل کے ذریعے کیا گیا تھا، جبکہ دستاویزات کی ویریفکیشن اور درخواست جمع کرانے کا عمل 28 فروری سے شروع ہوا۔ ابتدائی طور پر آخری تاریخ 15 مارچ مقرر کی گئی تھی، جسے بعد ازاں بڑھا کر 31 مارچ 2026 کیا گیا، اور اب مزید توسیع دیتے ہوئے 4 اپریل تک کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 3175 افراد نے آن لائن پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کرائی، جبکہ تقریباً 600 افراد اپنے دستاویزات مکمل کر کے جمع بھی کرا چکے ہیں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے اور مزید لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
محکمہ کامرس کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس نوعیت کا آن لائن نظام متعارف کرایا گیا ہے، اس لیے عوام کو اس سے آگاہی میں وقت لگا اور کئی افراد کو دستاویزات کی تیاری میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔
حکام کے مطابق اس پالیسی کے تحت پہلے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستفید کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ جون کے بعد عوامی ضروریات کے مطابق وفاقی حکومت سے ٹیکس چھوٹ پالیسی میں مزید توسیع کی درخواست بھی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستوں کی وصولی سے نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ پاک چین تجارت سے وابستہ تاجروں کا مکمل ڈیٹا بھی مرتب کیا جا سکے گا، جس سے مستقبل میں پالیسی سازی میں آسانی ہوگی اور تاجروں کو باعزت انداز میں کاروبار کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
محکمہ کامرس نے واضح کیا ہے کہ 4 اپریل کے بعد درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، لہٰذا تمام متعلقہ افراد مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں مکمل کریں۔
