347

سکردو کے کامیاب جلسے سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں: سینئر راہنما ساجدہ صداقت

گلگت (پ،ر) پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی سینئر راہنما ساجدہ صداقت نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکردو کے کامیاب جلسے سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھ کر ان کی بولتی بند ہو گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے صوبائی سربراہان تحریک انصاف کا جلسہ دیکھ کر اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں اوٹ پٹانگ بیانات دے رہے ہیں،

انھوں نے کہا کہ وزیراعلی اور ان کی پوری کابینہ سکردو میں موجود تھی اور پوری سرکاری مشینری کو اپنے ادر گرد لگانے کے باوجود تحریک انصاف کا ایسا عظیم الشان جلسہ منعقد کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ بلتستان کے عوام نے ان دونوں جماعتوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ساجدہ صداقت نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے راہنما وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے بجٹ میں کٹوتی کے الزامات لگا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں لیکن یہ بات واضح ہو گئی

کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے بجٹ سے کوئی کٹوتی نہیں کی بلکہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے اضافی بھی دئیے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت الیکشن جیتنے کیلئے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کا فلاح چاہتی ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب گلگت بلتستان میں بد عنوانوں کا کڑا احتساب ہوگا اور کرپٹ لوگوں کی چیخیں نکلیں گی۔پی ٹی کی مقبولیت کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدور ظفر شادم خیل اور عبدالواحد بالترتیب اپنی پارٹیوں کو خیر باد کہہ کر سید جعفر شاہ کی قیادت پر اعتماد کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام تر منفی پروپیگنڈے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت نے دونوں پارٹیوں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں