گلگت بلتستان میں ٹیچنگ ہسپتال کی عدم موجودگی کے باعث ینگ ڈاکٹرز کو سپیشلائزیشن کے سلسلے میں سخت مسائل درپیش ہیں، راجہ جلال حسین مقپون
اسلام آباد(جنرل رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز اسلام اباد روالپنڈی زون کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر تنویر اللہ کی قیادت میں ڈاکٹر اعجاز ایوب ڈاکٹر منعم ڈاکٹر مشتاق پر مشتمل وفد کی جانب سے گورنر گلگت بلتستان کو پنجاب کی میڈیکل ٹیچنگ کالجز سے مختلف شعبہ جات میں سپیشلائزیشن کے خواہشمند گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کیلئے الگ اضافی کوٹہ مختص کرانے کی استدعا کی گئی تھی جس کی روشنی میں گورنر گلگت بلتستان نے صوبائی وزیر صحت پنجاب کو خصوصی مراسلہ تحریر کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے سفارش کی ہے کہ گلگت بلتستان میں چونکہ ٹیچنگ ہسپتال کی سہولیات موجود نہ ہونے کے باعث ینگ ڈاکٹرز کو سپیشلائزیشن کے سلسلے میں سخت مسائل درپیش ہیں جبکہ دوسری جانب گلگت بلتستان کے عوام کو صحت کے مختلف شعبوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی شدید قلت کا سامنا بھی ہے، لہذا پنجاب کی میڈیکل کالجز میں گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کیلئے الگ تھلگ اضافی کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون کی جانب سے ارسال کئے گئے اس خصوصی مراسلے میں پنجاب حکومت کو اس کی جاری پالیسی کے علاوہ خصوصی طور پر گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کیلئے مختلف ٹیچنگ کالجز میں %4 اضافی نشتسیں گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کیلئے علیحدہ سے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ یاد رہے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ڈاکٹر تنویر اللہ اور دیگر نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں گورنر گلگت بلتستان سے ملاقات میں ان مسائل کا تذکرہ کیا تھا جسے گورنر نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کروائی تھی اور حالیہ خصوصی مکتوب اس سلسلے میں پنجاب حکومت کو ارسال کی جاچکی ہے تاہم اس بابت کسی قسم کی مثبت پیش رفت آئندہ چند دنوں میں سامنے آئے گی۔ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے گورنر گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے
