306

وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا ٹربیونل کا پرپوزل میڈیا ہاوسز اور صحافیوں کی اظہارِ رائے پر قدغن لگانے کی سازش ہے: صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش

گلگت :  پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کی وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا ٹربیونل کا پرپوزل میڈیا ہاوسز اور صحافیوں کی اظہارِ رائے پر قدغن لگانے کی سازش ہے۔کٹھ پتلی حکومت سیاسی نمائندوں کے بعد اب میڈیا کو بھی پابند کرنا چاہتی ہے۔آزاد میڈیا ریاست کا ایک اہم ستون ہوتا ہے اور پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں میڈیا کا بہت اہم کردار رہا ہے مگر جمہوریت کے دروازے کے بجائے دیوار پھلانگ کر اقتدار میں آنے والی نیازی سرکار جمہوریت اور آزادیِ اظہارِ رائے کی قدر و قیمت سے ناواقف ہے۔

ملک میں عملی طور پر سول مارشل لا نافذ ہے۔ایک طرف عوامی نمائندوں کو پابندِ سلاسل کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب میڈیا کو ربڑ سٹیمپ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی میڈیا کو پابند کرنے کی کسی بھی مذموم سازش کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسکے خلاف بھر پور مزاحمت اور احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے مذید کہا کہ کینسر کے مریضوں کو مفت ادوایات کی بندش نہایت تشویشناک ہے اور اس کی وجہ سے غریب مریض بے موت مارے جائیں گے۔

اگر عمران نیازی کو اپوزیشن اور میڈیا کے خلاف انتقامی کاروائیوں سے فرصت ملے تو کینسر کے لاچار مریضوں کی فریاد پر توجہ دے۔

سرکاری ہسپتالوں کو کینسر کی ادویات کی بندش کا مقصد اپنے کینسر ہسپتال کو وسعت دینے کی سازش لگتی ہے جو کہ عوام کے چندے سے چلتا ہے مگر غریب عوام اس ہسپتال میں علاج سے قاصر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں