گلگت (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل اصلاحات کے سلسلے میں پرفارمنس مینجمنٹ ریفارمز یونٹ (PMRU) اور محکمہ سروسز کی ٹیم نے نادرا کے چیف پراجیکٹ آفیسر جناب رحمان قمر سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ای گورننس، جی بی ٹیسٹنگ سروس (GBTS)، ویریفیکیشن سروسز اور پبلک سروس پورٹلز جیسے اہم ڈیجیٹل منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گلگت بلتستان کی نمائندگی ڈائریکٹر پی ایم آر یو محمد طلحہ اسد، ڈپٹی سیکرٹری سروسز اعجاز حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر سکیورٹی ڈاکٹر ادریس احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایم آر یو شرفات علی نے کی، جبکہ نادرا کی جانب سے پروگرام منیجر ویریفیکیشن محمد وقاص نے چیف پراجیکٹ آفیسر کے ہمراہ شرکت کی۔
دونوں فریقین نے اس موقع پر گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور عوامی خدمات کی فراہمی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پی ایم آر یو کے ترجمان نے کہا کہ “یہ تمام منصوبے ایک جامع وژن کا حصہ ہیں جس کا مقصد گلگت بلتستان کو مکمل طور پر ڈیجیٹل صوبہ میں تبدیل کرنا اور اسے ای گورننس کا ماڈل خطہ بنانا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کا پہلا علاقہ بنے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حقیقی اور پائیدار تبدیلی لائے۔”
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں پہلے سے کئی ڈیجیٹل منصوبے جاری ہیں جو شفافیت، عوامی سہولت اور ادارہ جاتی مؤثریت کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق خطہ بہت جلد پاکستان میں ڈیجیٹل گورننس کے ایک مثالی ماڈل کے طور پر ابھرے گا۔








