سیکرٹری خزانہ گلگت بلتستان نجيب عالم نے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس عمر علی سے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں آن لائن بلنگ سلوشن (OLBS) کے نفاذ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ نظام ریگولر بجٹ کے لیے بطور پائلٹ پروجیکٹ نافذ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس گلگت بلتستان کو بلوں کی ڈیجیٹل ترسیل اور منظوری کا عمل مکمل طور پر خودکار بنا دیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت محکموں کو اب فزیکل فائلیں جمع کرانے یا دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ترقیاتی بجٹ کی ادائیگیاں بھی اس نظام کے ذریعے بغیر چیک کے ممکن بنائی گئی ہیں، جس کا کامیاب آزمائشی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ آئندہ مرحلے میں یہی نظام فوڈ اکاؤنٹ پر بھی نافذ کیا جائے گا، جب کہ تمام ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے نظام “راست” کے تحت براہِ راست آن لائن انجام پائیں گی۔
سیکرٹری خزانہ نجيب عالم کے مطابق اس خودکار نظام کے نفاذ سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ مالیاتی عمل میں شفافیت اور تیزی بھی آئے گی۔ اب کسی بھی ترقیاتی اسکیم کے XEN یا DDO کو چیک جاری کرنے یا انہیں اے جی، ڈی اے او یا خزانہ آفس لے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ بل XEN یا DDO کے دفتر سے آن لائن جمع کرایا جائے گا، جو خودکار نظام کے ذریعے متعلقہ دفاتر تک پہنچے گا، اور منظوری کے بعد ٹھیکیدار کے بینک اکاؤنٹ میں رقم براہِ راست منتقل کر دی جائے گی۔
یہ جدید اقدام حکومتی مالیاتی نظم میں ایک اہم اصلاحی پیش رفت ہے، جو نہ صرف کارکردگی میں اضافہ کرے گا بلکہ احتساب، اعتماد اور شفافیت کو بھی فروغ دے گا۔








