گلگت (اسٹاف رپورٹر) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ پاکستان کے یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کے تحت منعقدہ دو روزہ ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ ورکشاپ میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا، فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی کے مختلف پہلوؤں پر نہ صرف نظریاتی معلومات فراہم کی گئیں بلکہ عملی تربیت بھی دی گئی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پرووسٹ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر قمر عباس اور ریجنل منیجر ایچ ایچ آر ڈی گلگت بلتستان ڈاکٹر جہان تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیاں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں جدید ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ورکشاپ کے دوران معروف ٹرینرز پروفیسر اعجاز احمد خان، ولیم عباس اور مرتضیٰ انصاری نے مختلف سیشنز میں شرکاء کو ڈیجیٹل میڈیا کی جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا۔ تقریب کے آخر میں فوٹوگرافی اور شارٹ ڈاکومنٹری مقابلوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق طلحہ احمد نے فوٹوگرافی میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ علی سعید اور ان کی ٹیم نے شارٹ ڈاکومنٹری مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔
اختتامی تقریب میں شرکاء، ٹرینرز اور منتظمین کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی گئی اور ایچ ایچ آر ڈی کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا۔








