ظنگلگت (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے 11 دسمبر 2025 کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈائریکٹر ٹورزم گلگت بلتستان اقبال حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عالمی تھیم “Glaciers Matter for Water, Food and Livelihoods in Mountains and Beyond” کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے پرووسٹ ڈاکٹر قمر عباس، ڈائریکٹر ٹورزم صفی اللہ، ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر (WWF) پاکستان کے کمیونیکشن منیجر نثار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورزم راحت کریم، ہیڈ آف میڈیا سائنسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شمس الرحمن (KIU) اور ہلالِ احمر پاکستان گلگت بلتستان کے نمائندے جنید عباس سمیت مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بامِ دنیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2025 کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد گلیشیئرز کی اہمیت، ماحولیاتی مسائل اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو جدید میڈیا اور فلم سازی کے ذریعے اجاگر کرنا ہے۔ اس حوالے سے شرکاء نے نوجوانوں، فلم سازوں اور مقامی کمیونٹی کی بھرپور شمولیت کو لازمی قرار دیتے ہوئے اینیمیٹڈ فلمز، پینل ڈسکشنز، نمائشوں اور ماحولیاتی مکالموں کے انعقاد پر اتفاق کیا۔
ڈائریکٹر ٹورزم اقبال حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں، ماہرینِ ماحولیات اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام میں شعور بیداری کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانے پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ عالمی تھیم کے تناظر میں فلم اسکریننگ کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس کے لیے اب تک گیارہ دستاویزی فلموں کی انٹریز موصول ہو چکی ہیں۔








