179

شام پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں خاتون سمیت 11 افراد ہلاک

دمشق: شام میں اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں ایران نواز ملیشیا کے 7 اور شامی فوج کے 3 اہلکار مارے گئے جب کہ ایک خاتون بھی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دمشق کے جنوبی علاقے میں اسرائیل نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

برطانوی مانیٹرنگ گروپ ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں ایران نواز ملیشیا کے 7 غیر مقامی ارکان اور شامی فوج کے تین اہلکار شامل ہیں جب کہ ایک خاتون راہگیر بھی زد میں آئیں۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی اس علاقے میں اسرائیل فضائیہ کے حملے میں 7 فوجی اہلکاروں سمیت دو شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی تاہم غیر جانبدار ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ شام میں حکومتی اور اتحادی افواج نے ملک کے بیشتر حصوں سے داعش کا قبضہ واگزار کروالیا ہے تاہم ادلب کے کچھ علاقوں میں اب بھی افواج کو جنگجوؤں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں