175

افغانستان میں قرآن خوانی کے دوران بم دھماکا، 15 شہید اور 22 زخمی

کابل: افغانستان کے صوبے غزنی ميں ایک گھر میں قرآن خوانی کے اجتماع کے دوران زوردار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور 22 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے غزنی کے علاقے آغو جان کے ایک گھر کے باہر بارود سے بھری موٹر سائیکل زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کابل میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر 9 مقامات پر راکٹ حملے

مذکورہ مکان میں جاری قرآن خوانی کا اجتماع جار تھیا جس میں 100 سے زائد افراد شریک تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یہ خبر پڑھیں : افغانستان ؛ فوجی چیک پوسٹوں پر حملے میں 13 اہلکار ہلاک

ریسکیو ادارے نے فوری طور پر امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے متاثرین کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 15 افراد کی شہادت کی تصدیق کردی گئی جب کہ 22 افراد زخمی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے زخمیوں میں سے 7 افراد کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کابل یونیورسٹی پر مسلح افراد کے حملے میں جاں بحق طلبا کی تعداد 30 ہوگئی

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا ہے کہ گھر میں کس سلسلے میں قرآن خوانی جاری تھی۔

واضح رہے کہ دوحہ میں کابل حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں تاحال کسی قسم کی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے تاہم افغانستان میں پُرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں