322

بلتستان یونیورسٹی سینیٹ کے چیئرمین کا انتخاب ہوگیا، صدرمملکت نے نوید اخترملک کو تعینات کردیا

چیئرمین سینیٹ کی تعیناتی میں بھرپور دلچسپی لینے پر گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کے مشکور ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ


سکردو(پ ر) بلتستان یونیورسٹی سینیٹ کے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آگیا۔ چانسلر بلتستان یونیورسٹی و صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف خان علوی نے ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹرپروفیسر ڈاکٹر نوید اختر ملک کو متعلقہ عہدہ کی ذمہ داریاں سونپ دی۔چیئرمین سینیٹ کی تعیناتی کے بعد بلتستان یونیورسٹی کے متعدد مسائل حل ہونے کی توقع ہے۔

جیسا کہ سلیکشن بورڈ، اکیڈمکس مسائل اور اِنتظامی مسائل کے حل کی طرف بڑی پیش رفت قرار دی جاسکتی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی تعیناتی میں بھرپور دلچسپی لینے پر گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کے بے حد مشکور ہیں۔ اُمید ہے کہ وہ آئندہ کے معاملات خاص طور پر مالی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

دریں اثناء فاصلاتی نظامِ تعلیم کے ماہر سمجھے جانے والے ملک نوید اختر کی زندگی کئی کامیابیوں اور ترقیوں سے مزین ہے۔ امریکہ سے الیکٹرک انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی ہیں۔ جبکہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ کمپیوٹر سائنس کی بنیاد بھی پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر ملک نے رکھی تھی۔

بہترین کارکردگی اور بھرپور صلاحیتیوں کے باعث حکومت کی طرف سے2008ء میں انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’ستارہ امتیاز‘‘ سے نوازا جاچکا ہے۔ جبکہ پنجاب یونیورسٹی سمیت دیگر کئی اداروں میں بطور اُستاد تدریسی و تحقیقی فرائض انجام دے چُکے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر ملک 2001ء سے بطور ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور متعلقہ یونیورسٹی کے بانی کی حیثیت سے انہوں نے فاصلاتی نظامِ تعلیم کو ایک نئے پہلو سے شناخت دی ہے۔

انہوں نے مختلف موضوعات پر متعدد مقالہ جات لکھے ہیں جو بین الاقوامی سطح کے شہرت یافتہ مجلات کی زینت بن چکے ہیں۔ نیز وہ ایک کتاب بنام ’’سنگلز اینڈ سسٹمز‘‘ کے شریکِ مصنف بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں