336

گلگت: سانحہ کارساز ملک و قوم کے لئے پیپلزپارٹی کی قربانیوں کا ایک عظیم باب ہے، صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز ملک و قوم کے لئے پیپلزپارٹی کی قربانیوں کا ایک عظیم باب ہے۔
کارساز دہشتگردی وطن عزیز سے جمہوریت کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کی سازش تھی جسے پیپلز پارٹی کے جیالوں نے خون میں ڈوب کر ناکام بنا دیا۔ارض پاک میں جمہوریت کی شمع پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کے لہو سے روشن ہے۔اٹھارہ اکتوبر 2007 کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔کارساز دنیا کی تاریخ میں کسی بھی سیاسی جماعت پر دہشتگردی کا سب سے بڑا واقعہ تھا۔

بے نظیر بھٹو شہید کی وطن واپسی سے آمر وقت خوف زدہ تھا کیونکہ اسکی آمریت کا خاتمہ یقینی ہو چکا تھا۔جنرل مشرف نے بھی ضیاالحق کی طرح ملک کو غیروں کی جنگ میں دھکیلا اور اس کا خمیازہ قوم کو دہشتگردی کی شکل بھگتنا پڑا۔پیپلز پارٹی ہمیشہ اندرونی و بیرونی ملک اور جمہوریت دشمنوں کے نشانے پر رہی ہے۔

ملک دشمن عناصر پیپلز پارٹی سے اسلئے خائف ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بے نظیر بھٹو شہید نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور پاکستان کو دنیا کی باوقار صفوں میں لا کھڑا کیا۔

آج پاکستان اگر اپنے ازلی دشمن بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑا ہے تو یہ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مرہون منت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں