249

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھرمیں نظام تعلیم درہم برہم

کورونا وائرس کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں شہریوں کے متاثر ہونے کے بعد تعلیمی نظام بھی درہم برہم ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھرکے تیس کروڑ بچوں کو اسکول جانے سے روک دیا گیا،اٹلی، فرانس ، جنوبی کوریا، چین اور متحدہ عرب امارات میں اسکول بند کر دیئے گئے۔

کورونا وائرس نے پنجے گاڑھے تو کاروبار، تعلیم اور صحت سمیت متعدد شعبہ ہائے زندگی بری طرح متاثرہوئے ،،چین سے ہوتا ہوا کورونا وائرس اسی ممالک تک پہنچ گیا۔

اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے دنیا کے تیرہ ممالک میں اسکولز بند ہوچکے ہیں, سکولوں کی بندش کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریبا تیس کروڑ بچے عارضی طور پر تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہو گئے۔

سکولوں کی بندش کا تازہ ترین قدم یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں اٹھایاگیا، جہاں حکومت نے دس روز کے لئے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی کوریامیں تئیس مارچ ،جاپان نے اپریل کے آغاز تک جبکہ فرانس میں بھی اس ہفتے متاثرہ علاقوں میں واقع ایک سو بیس اسکول بند ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں وزارت تعلیم نے مہلک وائرس سے درپیش خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں ایک ماہ کے لیے تمام اسکول بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ادھر چین میں تمام اسکول غیرمعینہ مدت کے لیے بند ہیں جبکہ پاکستان کے صوبے سندھ میں تیرہ مارچ جبکہ بلوچستان میں پندرہ مارچ تک سکول بند رہیں گے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں