معروف سماجی شخصیت میجر (ر) محمد حفیظ نے گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ مذہبی رہنما درجنوں پولیس گارڈز کے حصار میں گھومتے ہیں، حالانکہ علما کو نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام کے سادہ طرزِ زندگی سے رہنمائی لینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب وی آئی پی کلچر مذہبی طبقے میں بھی عام ہو جائے تو عوام میں احساسِ محرومی اور تعصب بڑھتا ہے جس سے فرقہ واریت کو تقویت ملتی ہے۔
میجر حفیظ نے علما اور مذہبی قیادت سے اپیل کی کہ وہ سادگی اختیار کریں، عوام کے قریب رہیں اور اپنے کردار سے امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مذہبی رہنما خود اصلاح کا راستہ اختیار کریں تو عوام خود بہ خود ان کی پیروی کریں گے۔
ان کا مؤقف تھا کہ منبر اور محراب کو تقسیم کے بجائے اتحاد کا مرکز بنایا جائے تو گلگت بلتستان ایک حقیقی مثالی معاشرہ بن سکتا ہے۔
