34

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا پبلک سکول اینڈ کالج چلاس کے لیے ایک کروڑ اضافی گرانٹ کا اعلان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ وہ پبلک سکول اینڈ کالج چلاس کو درپیش مسائل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلبہ کی ذہن سازی میں تمام پبلک سکولز اینڈ کالجز کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی ترجیح کے تحت رواں سال کے لیے پبلک سکول اینڈ کالج چلاس سمیت دیگر تعلیمی اداروں کی گرانٹس میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے پرنسپل پبلک سکول اینڈ کالج چلاس اور صوبائی سیکریٹری تعلیم کی سفارش پر رواں سال کے لیے وزیر اعلیٰ انڈومنٹ فنڈ سے ایک کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دیامر اور دیگر پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو ان کے دہلیز پر معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مختصر مدت میں ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے بھی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ گلگت بلتستان اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں