21

تھور میں واپڈا ملازمین کے اغوا پر عوامی اجلاس،اغوا کا واقعہ چند افراد کا عمل

تھور (نمائندہ خصوصی) — تھور کے عوامی نمائندوں اور معززین کا ایک ہنگامی اجلاس آج تھور سری کے مقام پر منعقد ہوا، جس میں دہشتگردوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر واپڈا کے دو غیر مقامی ملازمین کے اغوا کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اس واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ 25 اکتوبر 2025ء کو پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ عوامِ تھور سے کسی بھی طور منسلک نہیں، بلکہ یہ چند شرپسند عناصر کا انفرادی اقدام ہے جسے اہلِ علاقہ سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اجلاس میں حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرنے سے گریز کیا جائے اور واقعے میں ملوث اصل مجرموں کو قانون کے مطابق جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔

مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کے اس عمل نے علاقے کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے، اس لیے ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص اس طرح کی حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔

قرارداد میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ عوامِ تھور ہمیشہ امن پسند اور قانون کا احترام کرنے والے ہیں، اور ماضی میں ہر مشکل وقت میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے آئے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں