419

اینڈرائیڈ سسٹم کا بڑا نقص سامنے آگیا، صارفین کے فون ہیک ہونے کا خدشہ

گوگل کی سیکیورٹی ٹیم نے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں موجود بڑے نقص کی نشاندہی کردی جس کی وجہ سے اسمارٹ فون کی ہیکنگ ممکن ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی خصوصی ٹیم نے مسلسل مانیٹرنگ کے بعد اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں موجود خامی کو تلاش کیا۔ماہرین کے مطابق سام سنگ ایس 7 کے بعد کے آنے والے تمام سیٹ، ہواوے اور گوگل کے اپنے فونز میں بھی سنگین کمزوری موجود ہے جس کے باعث ہیکرز کسی بھی فون تک آسانی سے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

گوگل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ہیکر ایک ایپلیکیشن یا براؤزر کو استعمال کر کے کسی بھی صارف کے فون کا مکمل کنٹرول حاصل کرسکتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کی خامی ممکنہ طور پر اسرائیلی ساختہ اسپائی ویئر کمپنی نے فروخت کی اور اسی وجہ سے صارفین کے واٹس ایپ پر بھی سائبر حملے ہوئے۔

ماہرین کے مطابق اس بگ کی نشاندہی 27 ستمبر کو ہوگئی تھی البتہ اینڈرائیڈ ٹیم کو دی گئی مہلت ختم ہونے اور خامی پر قابو نہ پانے کے بعد اس کا انکشاف عام صارفین کے سامنے اب کیا گیا تاکہ وہ کمپنی سے اپنے فون کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کرسکیں۔

گوگل ماہرین کی جانب سے اسمارٹ فونز کے ماڈل کی فہرست بھی جاری کی گئی جس کے مطابق گوگل پکسل 1، پکسل ایکس ایل 1، پکسل 2 ایکس ایل، ہواؤے پی 20، ریڈمی فائیو اے، ریڈمی نوٹ، سام سنگ گلیکسی ایس 7، ایس 8 اور ایس 9 کی ڈیوائسز متاثر ہوسکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں