گلگت (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف گلگت ڈویژن کی نو منتخب کابینہ کا پہلا اجلاس ڈویژنل صدر کریم شیر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کابینہ کے اکثریتی ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ممبران نے نئی ذمہ داریاں سونپنے پر چیئرمین عمران خان اور صوبائی صدر خالد خورشید خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منتخب صدر کریم شیر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ارکان نے عمران خان کی رہائی کے لیے اٹھنے والی ہر تحریک میں بھرپور انداز میں ساتھ دینے اور منظم جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈویژنل کابینہ نے ضلعی تنظیم سازی کے آغاز کے لیے آئندہ دو روز میں آن لائن پورٹل کھولنے کا اعلان کیا، جس کے ذریعے ضلعی کابینہ میں عہدوں کے خواہشمند امیدوار اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد ڈویژنل کابینہ ہر ضلع کا دورہ کر کے انٹرویوز کے ذریعے فعال کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپے گی۔
اجلاس میں گزشتہ ہفتے گلگت میں پیش آنے والے واقعات، بالخصوص قاضی نثار پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی، جبکہ دونوں مکاتب فکر کی جانب سے امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔ کابینہ نے گلگت بلتستان میں قیام امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے علما سے ملاقاتیں کرنے کا اعلان کیا۔
