گلگت (اسپورٹس ڈیسک) گلگت بلتستان کی خواتین کرکٹ ٹیم قطر میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل اسکول ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے روانگی کی تیاری مکمل کر لی۔ ٹیم کے کھلاڑی پُرعزم ہیں کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر خطے کا نام روشن کریں گی۔
ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ گلگت بلتستان کی خواتین کرکٹ ٹیم بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے روانگی سے قبل بھرپور نیٹ پریکٹس سیشنز مکمل کیے ہیں اور کوچنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ کھلاڑی فٹنس اور کھیل کے ہر پہلو پر بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
ٹیم کے کپتان کے مطابق “قطر میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے ایک سنہری موقع ہے، ہم کوشش کریں گے کہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کا فخر بنیں۔”
دوسری جانب اسپورٹس شائقین اور عوامی حلقوں نے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کی یہ شمولیت گلگت بلتستان میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گی۔
واضح رہے کہ قطر میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام ہونے والا یہ ٹورنامنٹ آئندہ ہفتے سے شروع ہو گا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی ٹیمیں حصہ لیں گی۔








