317

بلتستان یونیورسٹی: انچن کیمپس میں ”جیو ایپ اینڈ جی آئی ایس“ ٹریننگ کا انعقاد

سکردو(پ ر) بلتستان یونیورسٹی انچن کیمپس میں بلتستان یونیورسٹی اور اٹالین یونیورسٹی Cagliari کے باہمی اِشتراک سے ”جیو ایپ اینڈ جی آئی ایس“ ٹریننگ منعقد کی گئی۔ ٹریننگ کا مقصد نیچرل سائنس اور سوشل سائنس کے طلباء و طالبات کو جیو ایپ کے توسط سے تحقیق کے رُمو و اوقاف سے واقف کرنا تھا۔ جیو ایپ بنیادی طور پرموبائل سوفٹ ویئر ہے جو مختلف زمینی نقشہ جات اور زمین کے مختلف حصے اور خدول و خال کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس سوفٹ ویئر کو جیو نیٹ ورک اور جی بی جیو ایپ کا نام بھی دیاجاتا ہے۔

ٹریننگ سے خطاب کرتے ہوئے اٹلی کی یونیورسٹیCagliari کے محقق ڈاکٹر تیتی میلس(Titi Melis)نے کہا کہ جدید دور میں مذکورہ ایپ کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے ذریعے تحقیق کے کئی دروازے کھل سکتے ہیں جبکہ محققین بڑی آسانی کے ساتھ جغرافیائی اور قدرتی مناظر پر گہری نگاہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ٹریننگ اور سیمینار طلباء و طالبات کے شعور میں اضافے کے باعث بن سکتے ہیں۔

ٹریننگ میں ڈائریکٹر اکیڈمکس بلتستان یونیورسٹی ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکرؔ، ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر حاجی کریم خان، بیالوجیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سالار علی، مس شازیہ اور ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ، بیالوجیکل سائنسز کے طلباء و طالبات بھی موجود تھے جبکہ ای وی کے ٹو سی این آر کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ مذکورہ ٹریننگ کے منتظم ڈاکٹر سالار علی تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں